پی آئی ٹی بی کی جانب سے کمشنر آفس کے ساجد رحمان کو پیشہ ورانہ خدمات پر تعریفی سرٹیفکیٹ تفویض
فیصل آباد: 14 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع):پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے کمشنر آفس فیصل آباد کے یونیفائیڈ کمیونیکیشن ایڈمنسٹریٹر ساجد رحمان کو ان کی شاندار پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا ہے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیف انفارمیشن آفیسر سجاد غنی نے ایک خصوصی تقریب کے دوران ساجد رحمان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے امور اور سرکاری ویڈیو کانفرنسنگ کے نظام کو انتہائی احسن، فعال اور مربوط طریقے سے ہینڈل کرنے پر ان کی کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ یونیفائیڈ کمیونیکیشن ایڈمنسٹریٹر ساجد رحمان گزشتہ 11 سال سے کمشنر آفس فیصل آباد میں انتہائی احساسِ ذمہ داری اور تندہی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اور ڈویژنل انتظامیہ کے ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کو بلامعطل فعال رکھنے میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔
سرٹیفکیٹ وصول کرنے کے بعد ساجد رحمان نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کرتے رہیں گے۔