سموگ کی روک تھام کے لیے 1500 صنعتی بوائلرز پر امیشن کنٹرول سسٹم نصب: کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ
فیصل آباد: 18 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اعلان کیا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن میں ڈیڑھ ہزار صنعتی یونٹس کے بوائلرز پر امیشن کنٹرول سسٹم نصب کر دیے گئے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کو سینٹرل کنٹرول سسٹم سے منسلک کرنے کا کام آخری مراحل میں ہے تاکہ فضائی آلودگی اور سموگ کا تدارک ممکن بنایا جا سکے۔
مقامی کلب میں ورلڈ وائڈ فنڈ پاکستان اور انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے اشتراک سے منعقدہ ماحولیاتی آگاہی سیشن سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ سموگ سیزن کے مدِنظر ای پی اے سمیت تمام متعلقہ محکمے 24 گھنٹے فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھری ہوا فراہم کی جا سکے۔
تقریب میں وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، ڈائریکٹر فریش واٹر پروگرام سہیل علی نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی اے ڈاکٹر طاہر سیال، کوآرڈینیٹر ہارون یونس، وحید خالق رامے اور محمد علی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ گاؤں کی سطح پر نمبرداروں اور زراعت افسران کو اہداف تفویض کیے گئے ہیں تاکہ کسان فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے بجائے سپر سیڈرز کا استعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں مقامی سطح پر علاج کی فراہمی اور صنعتی مزدوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
اس کے علاوہ ہیئر کٹنگ شاپس پر بلیڈز اور آلات کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ہیپاٹائٹس جیسے موذی امراض کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔ کمشنر فیصل آباد نے ڈبلیو ڈبلیو ایف، ای پی اے اور صنعتکاروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے شہریوں کو پاکیزہ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا۔