فیصل آباد: 23 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — تھانہ نشاط آباد پولیس نے دو سال سے فرار سنگین واردات میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے تلخ کلامی کی رنجش پر فائرنگ کر کے ایک خاتون کو قتل اور دو شہریوں کو زخمی کر دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم شرجیل نے دو سال قبل معمولی تلخ کلامی کی بنا پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں مدیحہ نامی خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھی جبکہ انتظار اور فوزیہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد ساجد محمود نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم شرجیل کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین کا کہنا ہے کہ قتل اور اقدامِ قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے اور گرفتار ملزم کو عدالت کے ذریعے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔