این سی سی آئی اے فیصل آباد کی کارروائی: آن لائن بینکنگ فراڈ اور کرپٹو کرنسی خریدنے میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
فیصل آباد :21 اکتوبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) نیشنل کاؤنٹر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی فیصل آباد نے بینک اکاؤنٹ سے غیر قانونی طور پر 14 لاکھ 93 ہزار روپے کی رقم منتقل کرنے اور آگے مختلف اکاؤنٹس میں بھیج کر یو ایس ڈی ٹی خریدنے کے مقدمے میں ملوث 2 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے مدعی کے بینک اکاؤنٹ سے دھوکہ دہی کے ذریعے 1,493,000 روپے منتقل کیے اور رقم کو مختلف بینک اکاؤنٹس میں تقسیم کرنے کے بعد کرپٹو کرنسی خریدنے کے لیے استعمال کیا۔
این سی سی آئی اے کی ٹیم نے کارروائی کے دوران ایک موبائل فون بھی برآمد کر لیا ہے جس میں فراڈ سے متعلق واٹس ایپ چیٹس اور ٹرانزیکشنز کے اسکرین شاٹس موجود ہیں۔ واقعے میں ملوث دیگر سہولت کاروں، مرکزی کرداروں اور مستفید ہونے والے افراد کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کی دفعات 13، 14، 16 اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 109، 419 اور 420 کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔