سرکاری سکولوں کے طالبات کے لیے لائلپور میوزیم کے مطالعاتی دورے، علمی و فکری نشوونما کا ذریعہ
فیصل آباد: 29 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طالبات کی علمی و فکری نشوونما اور تاریخی شعور کو بیدار کرنے کے لیے لائلپور میوزیم کے مطالعاتی دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول پیپلز کالونی نمبر 1 کی 200 سے زائد طالبات نے اساتذہ کے ہمراہ میوزیم کا تعلیمی دورہ کیا۔
دورے کا بنیادی مرکز میوزیم میں قائم کی گئی نئی تاریخی گیلری تھی جو 1896ء کے لائلپور کی انتظامی تاریخ اور بانی دور کی عکاسی کرتی ہے۔ میوزیم کی فیلڈ آفیسر شہناز محمود نے طالبات کو مختلف گیلریوں کا دورہ کرواتے ہوئے قدیم سکوں، آثارِ قدیمہ، روایتی ملبوسات، مقامی ثقافت اور فیصل آباد کی تاریخی شناخت سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے بالخصوص 1896ء کے لائلپور کے ابتدائی دفتری نظام، قدیم آلات اور مورس کوڈ جیسے مواصلاتی ذرائع کی نمائش کے بارے میں معلومات دیں، جس سے طالبات کو یہ سمجھنے کا موقع ملا کہ جدید ٹیکنالوجی سے قبل سرکاری امور اور پیغام رسانی کس طرح سرانجام دی جاتی تھی۔
میوزیم فیلڈ آفیسر شہناز محمود کے مطابق ایسے مطالعاتی دورے طالبات میں تجسس، تنقیدی سوچ اور اپنے ثقافتی ورثے سے لگاؤ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عجائب گھر محض نوادرات محفوظ کرنے کا مقام نہیں بلکہ کتابی علم کو عملی و بصری تجربے سے جوڑنے کا موثر ذریعہ ہیں، جہاں طالبات کو تاریخی نوادرات کے تحفظ اور عجائب گھر کے ضابطہ اخلاق سے بھی روشناس کرایا گیا۔