یومِ سیاہ کشمیر پرکونسل آف آرٹس فیصل آباد کے زیراہتمام نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں بڑی تقریب
فیصل آباد: 27 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کا رشتہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔ یہ خون، محبت، احترام اور امن کا نا قابلِ تنسیخ رشتہ ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد کے زیراہتمام نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طالب علموں، سرکاری افسران، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ 27 اکتوبر عالمی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لیں گے اور بھارتی ظلم و ستم کا دور ختم ہو گا۔
تقریب کے دوران طالب علموں نے خصوصی ٹیبلوز پیش کر کے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی عکاسی کی، جبکہ تقاریر کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ آرٹ گیلری میں تصویری نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں آزادی کی جدوجہد کے مختلف المناک و تاریخی مناظر دکھائے گئے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان ارشاد، ڈائریکٹر آرٹس کونسل عمران رضا، سی ای او ایجوکیشن راؤ عبدالکریم، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زہرہ بتول، اسد حیات سمیت کثیر تعداد میں اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔