ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جڑانوالہ کی جانب سے قتل کے مجرم کو سزائے موت اور بھاری جرمانے کا حکم
فیصل آباد: 28 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — پولیس کی بہترین تفتیش، ٹھوس شواہد اور عدالت میں مقدمے کی موثر پیروی کے نتیجے میں قتل کی سنگین واردات میں ملوث مجرم کو سزائے موت اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ کھرڑیانوالہ کے حدود میں ایک سال قبل سابقہ رنجش کی بناء پر مجرم عمیر نے فائرنگ کر کے سجیل نامی شہری کو قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور سائنسی بنیادوں پر بہترین تفتیش مکمل کر کے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جڑانوالہ رانا عمران شفیع کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم عمیر کو سزائے موت اور 5 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے حکم دیا کہ عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قیدِ سخت بھگتنی ہو گی۔
اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین نے تفتیشی ٹیم اور استغاثہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو منطقی انجام اور سزاؤں تک پہنچانا حق اور انصاف کی بڑی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مظلوموں کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام تر قانونی و سائنسی وسائل کا استعمال جاری رکھے گی۔