Post Main Ad Panel
Read in English ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں گرین ٹریکٹر اور ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ سکیم کے تحت امدادی چیکوں کی تقسیم کی پروقار تقریب

ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں گرین ٹریکٹر اور ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ سکیم کے تحت امدادی چیکوں کی تقسیم کی پروقار تقریب

21 ویوز

فیصل آباد: 31 اکتوبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ (AARI) فیصل آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست اقدامات کے سلسلے میں گرین ٹریکٹر اور ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ سکیم کے تحت منتخب کاشتکاروں میں امدادی چیکوں اور چابیاں تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں سینیٹر و مشیرِ وزیراعظم پاکستان رانا ثناء اللہ خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فیز فور (Phase IV) کے تحت منتخب کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز کی چابیاں اور ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ سکیم کے پے آرڈرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں قاسم فاروق، سابق ایم پی اے اجمل آصف، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جنجوعہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل شہزاد، ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت خالد محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ محمد عدیل، ضلعی افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیرِ وزیراعظم سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو زرعی سہولیات کی فراہمی اور انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹر اور اپنا کھیت اپنا روزگار سکیمیں کاشتکاروں کو خودمختار بنانے اور زرعی شعبے کو ترقی دینے میں سنگِ میل ثابت ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی تمام سکیموں میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خطے میں امن کے قیام اور جنگ بندی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومتوں کا بنیادی مقصد عوامی نمائندوں کے ذریعے شہریوں کے مسائل سننا اور انہیں تمام تر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں قاسم فاروق اور اجمل آصف نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز اور زرعی رقبے کی الاٹمنٹ کا تمام عمل سو فیصد میرٹ اور آن لائن درخواستوں کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے تاکہ صرف حقدار اور مستحق کاشتکار مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا بڑا انحصار زراعت پر ہے اور کسان کی خوشحالی ہی ملکی ترقی کی ضامن ہے۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے کامیاب کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے زمینیں آباد کریں اور بہترین زرعی پیداوار حاصل کر کے ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ان سکیموں کے لیے توقع سے کہیں زیادہ درخواستیں موصول ہوئی تھیں، اور جو درخواست گزار موجودہ مرحلے میں کامیاب نہیں ہو سکے، وہ آئندہ کے مراحل میں دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں۔

 

Post Bottom Ad Panel