فیصل آباد: 23 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد میں تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے رشتہ کروانے کے بہانے شہریوں کو لوٹنے والے نوسرباز ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم سروت نے اخبار یا سوشل میڈیا کے رشتے کے اشتہار پر رابطہ کرنے والے شہری محمد ہیرا کو لڑکی کی تصویر بھیج کر ملاقات کے لیے بلایا اور نوسربازی کے ذریعے شہری سے نقدی، اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر قیمتی اشیاء ہتھیا لیں۔ تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم سروت کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو دھوکہ دہی اور نوسربازی کے ذریعے لوٹنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے تمام مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔