Post Main Ad Panel
Read in English ایف ڈی اے جائیدادوں کی نیلامی: 15 اکتوبر کو ہونے والی نیلام عام کو مکمل شفاف اور میرٹ پر بنایا جائے: ڈی جی محمد آصف چوہدری کی ہدایات

ایف ڈی اے جائیدادوں کی نیلامی: 15 اکتوبر کو ہونے والی نیلام عام کو مکمل شفاف اور میرٹ پر بنایا جائے: ڈی جی محمد آصف چوہدری کی ہدایات

30 ویوز

فیصل آباد: 8 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے جمعرات 15 اکتوبر کو منعقد ہونے والی مختلف کمرشل پلاٹس، دکانوں اور دیگر جائیدادوں کی نیلامی کے عمل کو ہر لحاظ سے شفاف، منظم اور میرٹ کے مطابق سرانجام دینے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیلام عام کی پوری کارروائی کی نگرانی خصوصی آکشن کمیٹی کرے گی اور تمام مراحل مقررہ سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔ نیلامی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-I جنید حسن منج نے ڈی جی ایف ڈی اے کو نیلامی کے لیے منتخب کردہ ایف ڈی اے کی ملکیتی جائیدادوں، ان کے محل وقوع، رقبے، متوقع مالیت اور نیلامی کی شرائط کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیلام عام میں احمد نگر کی 99 محلہ شاپس، کمرشل سنٹر کی 46 دکانیں، ملت ٹاؤن اے بلاک کی 23 محلہ شاپس، کمرشل سنٹر کی 13 دکانیں اور علامہ اقبال کالونی سی بلاک کی 2 دکانیں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 212 سر سید ٹاؤن III میں تقریباً 14 مرلہ رقبے کا کمرشل پلاٹ اور مدینہ ٹاؤن ایکسٹینشن میں 4 مرلہ کمرشل پلاٹ نمبر 27 بھی نیلامی کا حصہ ہوں گے۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ہاکی اسٹیڈیم سے ملحقہ 9.43 کنال اور 3.2 کنال رقبے کے دو بڑے پلاٹس 19 سالہ لیز پر دینے کے لیے نیلام کیے جائیں گے، جبکہ گلستان پلازا ملت روڈ کے مختلف فلورز پر واقع دکانیں کرائے پر دینے کے لیے پیش کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں قائم 110 پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں اور 16 ایف ڈی اے کے زیرِ کنٹرول رہائشی کالونیوں میں تعلیمی اور طبی سہولیات کے لیے مختص رقبہ جات کے پلاٹس بھی نیلام عام میں رکھے جائیں گے تاکہ وہاں فلاحی و عوامی سہولیات کا قیام ممکن ہو سکے۔

تشہیری مہم کے حوالے سے بتایا گیا کہ نیلام عام کے شیڈول اور تفصیلات سے عوام اور سرمایہ کاروں کو باخبر رکھنے کے لیے شہر کی اہم شاہراہوں پر سٹیمرز اور نمایاں مقامات پر بل بورڈز نصب کر دیے گئے ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی کہ نیلامی میں حصہ لینے والے تمام افراد کو طریقہ کار، شرائط اور جائیدادوں کی مکمل معلومات فراہم کی جائیں اور کسی بھی مرحلے پر قواعد کی خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف ڈی اے کی جائیدادوں کی نیلامی کا مقصد ادارے کے وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال میں لا کر آمدن میں اضافہ کرنا ہے، اس لیے عمل میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔

 

Post Bottom Ad Panel