ایف ڈی اے کی زیرِ کنٹرول علامہ اقبال کالونی میں بڑی کارروائی، غیر قانونی کمرشلائزیشن اور بلڈنگ وائلشن پر 27 جائیدادیں سیل
فیصل آباد: 29 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی زیرِ انتظام رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن اور بلڈنگ و زوننگ ریگولیشنز کی خلاف ورزیوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ون افنان سعید سندھو کی زیرِ نگرانی اور اسسٹنٹ انفورسمنٹ آفیسر اسلم گجر و بلڈنگ انسپکٹر رضوان بٹ کی قیادت میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے علامہ اقبال کالونی میں بھرپور آپریشن کرتے ہوئے 27 جائیدادوں کو سربمہر کر دیا۔ ان میں رہائشی املاک کو بغیر منظوری تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر 16 جائیدادیں، جبکہ بلڈنگ قوانین اور زوننگ ضوابط سے انحراف پر 11 جائیدادیں شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق یہ ایکشن ان مالکان کے خلاف لیا گیا جنہیں متعدد نوٹسز اور چالان جاری کرنے کے باوجود انہوں نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔
ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے واضح کیا کہ منظم شہری ترقی اور تعمیراتی نظم و ضبط کا قیام ایف ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کے معاشی اور قانونی نقصان سے بچنے کے لیے تعمیرات یا تجارتی استعمال سے قبل ایف ڈی اے سے نقشہ جات کی منظوری اور کمرشلائزیشن کے واجبات کی ادائیگی لازمی یقینی بنائیں۔