ایف بی آر انٹیلی جنس ونگ کا بڑا کریک ڈاؤن: چیف فیسکو اور بیٹوں کے خلاف 32 کروڑ 96 لاکھ سے زائد کی ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج
فیصل آباد: 19 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو فیصل آباد نے فیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ان کے بیٹوں کے خلاف مبینہ طور پر 32 کروڑ 96 لاکھ 50 ہزار 895 روپے کی ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ان لینڈ ریونیو نے ملزمان کے ٹیکس گوشواروں اور ویلتھ اسٹیٹمنٹس کی جانچ پڑتال کے بعد ایف آئی آر نمبر 15/2026 مورخہ 15 اکتوبر 2026 کو درج کی۔ مقدمے میں محمد عامر اور ان کے تین بیٹوں محمد ہادی، محمد سعد اور محمد ابراہیم کو نامزد کیا گیا ہے۔ ٹیکس سال 2014 سے لے کر 2025 اور 2026 کے دوران مالیاتی بے ضابطگیوں اور اثاثوں کی چھان بین کی گئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان کی جانب سے ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں بارہا نظرثانی کی گئی، جن میں 2014 کی اسٹیٹمنٹ میں 7 کروڑ 30 لاکھ روپے نقد رقم ظاہر کرنے کا ذکر بھی شامل ہے۔ محکمہ کے مطابق ظاہر کردہ آمدن اور اصل اثاثوں میں واضح فرق پایا گیا، اور مبینہ ٹیکس چوری چھپانے کے لیے بیٹوں کو بھاری رقوم بطور "تحفہ" منتقل کی گئیں۔ ریکارڈ کے مطابق محمد ہادی کو سال 2025 میں 14 کروڑ 44 لاکھ اور 2026 میں 21 کروڑ روپے جبکہ محمد سعد کو 6 کروڑ 92 لاکھ اور محمد ابراہیم کو 4 کروڑ روپے منتقل کیے گئے۔
مقدمے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان مبینہ منتقل شدہ رقوم سے فیصل آباد اور چک جھمرہ کے مختلف علاقوں میں زرعی اراضی، قیمتی گاڑیاں اور دیگر اثاثے خریدے گئے۔ محکمہ ان لینڈ ریونیو نے اس مبینہ ٹیکس چوری کو منی لانڈرنگ سے منسلک قرار دیتے ہوئے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 192 اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو صفائی کا موقع فراہم کیا گیا تھا تاہم مقررہ مہلت کے باوجود مطلوبہ وضاحت پیش نہ کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔