Post Main Ad Panel
Read in English فیصل آباد: عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات، امن کمیٹی کا اجلاس

فیصل آباد: عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات، امن کمیٹی کا اجلاس

13 ویوز

 

فیصل آباد (19 اگست 2026ء): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے امن کمیٹی کے ارکان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سارا زینب، صاحبزادہ فیض رسول، مولانا ریاض کھرل، مفتی ضیاء مدنی، شاہد رزاق سکا اور امن کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی، انتظامی امور، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے امن کمیٹی کے ارکان سے انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی اور ان کی تجاویز بھی سنیں۔

محمد نعمان صدیق نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کو امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور عقیدت و احترام کے ماحول میں منعقد کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون سے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ اس مقصد کے حصول کے لیے امن کمیٹی کے ارکان کا تعاون انتہائی اہم ہے۔

امن کمیٹی کے ارکان نے چہلم امام حسینؓ اور یومِ آزادی کے موقع پر بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈپٹی کمشنر نے امن کمیٹی کے ارکان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel