ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی اوپن ڈور پالیسی: روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کے مسائل کی سماعت، سائلین کی شکایات پر فوری حل کی ہدایات
چنیوٹ :21 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان حکومتِ پنجاب کی ہدایت کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں اور سائلین کے مسائل براہِ راست سن رہی ہیں۔
اس سلسلے میں اپنے دفتر میں شہریوں سے ملاقاتوں کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ریونیو، میونسپل سروسز، صفائی ستھرائی، اور دیگر انتظامی امور سے متعلق عوامی شکایات کو تفصیلی طور پر سنا۔ انہوں نے متعدد سائلین کی درخواستوں پر موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو کارروائی کا حکم دیتے ہوئے فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو ان کے دہلیز پر انصاف اور انتظامی خدمات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو تنبیہ کی کہ سائلین کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل کی بروقت سماعت یقینی بنائی جائے۔