عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی، اے سی زاہد اقبال کا فلور مل کا دورہ، سپلائی چین ریکارڈ کا معائنہ
پیرمحل / ٹوبہ ٹیک سنگھ: 26 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): عوام الناس کو آٹے کی بلا تعطل اور حکومت کی مقرر کردہ سرکاری قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیرِ سرپرستی جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل محمد زاہد اقبال نے مقامی فلور مل کا تفصیلی دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل نے فلور مل کے معائنے کے دوران گندم کی پسائی، آٹے کے اسٹاک اور مارکیٹ میں سپلائی چین کے سرکاری ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد زاہد اقبال نے مل انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی سپلائی میں کسی بھی قسم کا توازن متاثر نہیں ہونا چاہیے اور بازاروں میں آٹے کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو آٹے کی بروقت، معیاری اور شفاف فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔