Post Main Ad Panel
Read in English لائلپور میوزیم کی پہلی گیلری میں 1896ء کے تاریخی تحصیل آفس کا قیام

لائلپور میوزیم کی پہلی گیلری میں 1896ء کے تاریخی تحصیل آفس کا قیام

33 ویوز

فیصل آباد: 16 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): اہلیانِ فیصل آباد کو ان کی تاریخی میراث، ثقاقتی ورثے اور خطے کی قدیم تہذیب سے روشناس کرانے کے لیے لائلپور میوزیم کی پہلی گیلری میں 1896ء کا تاریخی تحصیل لائلپور آفس قائم کر دیا گیا ہے۔ اس تاریخی کارنر کو جہاں تحصیل کے پہلے کلونائزیشن آفیسر کیپٹن پوفم ینگ کے زیرِ استعمال دفتری اشیاء رکھی گئی ہیں، عام وزیٹرز کے لیے باقاعدہ کھول دیا گیا ہے۔

کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینی وائی ریتھنی اور ان کے وفد کے ہمراہ لائلپور میوزیم میں قائم اس تاریخی کارنر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران سری لنکن ہائی کمشنر کو 1896ء کے تحصیل لائلپور کے پہلے دفتر کی تزئین و آرائش اور تاریخی اشیاء کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے اس منفرد اقدام کو سراہتے ہوئے انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور لائلپور میوزیم کے دوبارہ تفصیلی دورے کی خواہش ظاہر کی۔ کمشنر فیصل آباد نے سری لنکن ہائی کمشنر کو فیصل آباد کی علامت، تاریخی گھنٹہ گھر کا ماڈل بطور یادگار پیش کیا۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ آج کا دن فیصل آباد کی تاریخ اور تہذیب کو زندہ رکھنے کے حوالے سے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1896ء میں لائلپور تحصیل کے قیام کے بعد اس وقت کے کلونائزیشن آفیسر کیپٹن پوفم ینگ اور سر گنگا رام نے ہی مشہورِ زمانہ گھنٹہ گھر، آٹھ بازاروں اور ملحقہ آبادیوں کا ماسٹر پلان تیار کیا تھا جس پر بعد میں شہر کی تعمیر مکمل ہوئی۔

کمشنر فیصل آباد نے مزید کہا کہ اس تاریخی کارنر کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں اور بالخصوص نئی نسل کو 1896ء کے انتظامی نظام اور دفتری امور کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کارنر کی تزئین و آرائش کرنے والے افسران کی کاوشوں کو سراہا اور شہریوں و طلبہ کو لائلپور میوزیم کے دورے کی پرزور دعوت دی۔

Post Bottom Ad Panel