Post Main Ad Panel
Read in English لائلپور میوزیم میں 1896ء کا تحصیل لائلپور آفس قائم: سری لنکن ہائی کمشنر اور کمشنر فیصل آباد کا دورہ

لائلپور میوزیم میں 1896ء کا تحصیل لائلپور آفس قائم: سری لنکن ہائی کمشنر اور کمشنر فیصل آباد کا دورہ

22 ویوز

فیصل آباد: 17 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): لائلپور میوزیم کی پہلی گیلری میں 1896ء کا تاریخی تحصیل لائلپور آفس قائم کر دیا گیا ہے، جہاں تحصیل کے پہلے کلونائزیشن آفیسر کیپٹن پوفم ینگ کے زیرِ استعمال دفتری اشیاء پر مشتمل اس کارنر کو وزیٹرز کے لیے باقاعدہ کھول دیا گیا ہے۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینی وائی ریتھنی اور ان کی ٹیم کے ہمراہ اس تاریخی کارنر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔

سری لنکن ہائی کمشنر کو میوزیم میں 1896ء کے تحصیل آفس کی تزئین و آرائش اور تاریخی اہمیت کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی، جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میوزیم کے دوبارہ تفصیلی دورے کی خواہش ظاہر کی۔ کمشنر فیصل آباد نے مہمانِ گرامی کو موقع کی مناسبت سے فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھر کا ماڈل بھی پیش کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان ارشاد نے کمشنر فیصل آباد اور سری لنکن ہائی کمشنر کو کارنر کی تیاری کے مراحل سے آگاہ کیا۔ کمشنر فیصل آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اہلیانِ فیصل آباد کو ان کی تاریخ اور ثقافت سے جوڑنے کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1896ء میں تحصیل لائلپور کا قیام عمل میں آیا تھا، اور اسی دور کے پیشِ نظر کیپٹن پوفم ینگ اور سر گنگا رام کے تیار کردہ تاریخی نقشہ جات اور دفتری نظام کو اجاگر کرنے کے لیے یہ کارنر بنایا گیا ہے تاکہ نوجوان نسل اپنی تاریخ سے روشناس ہو سکے۔ انہوں نے اس شاندار تزئین و آرائش پر متعلقہ افسران کو شاباش دی اور عوام کو میوزیم کے دورے کی دعوت دی

Post Bottom Ad Panel