جنگیں ایمان، اتحاد اور تنظیم سے جیتی جاتی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
انٹرنیشنل

جنگیں ایمان، اتحاد اور تنظیم سے جیتی جاتی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر

09 July 2026

(ڈیجیٹل اطلاع)  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے پاس آؤٹ ہونے والے گریجویٹنگ افسران سے خصوصی خطاب کیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جدید عسکری تقاضوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پیچیدہ تزویراتی مسائل سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ذہنی و فکری وضاحت، ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل تربیت ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگیں سیاسی نعرے بازی سے نہیں جیتی جاتیں بلکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصول ہی کامیابی کی ضمانت ہوتے ہیں۔
انہوں نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گریجویٹ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری، بے لوث خدمت اور اعلیٰ اخلاقی معیار کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے اعلیٰ تعلیمی ادارے عسکری اور سول قیادت کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستان کی قیادت ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان جنگ کی بدلتی نوعیت کے مطابق اپنی آپریشنل تیاریوں کو مسلسل بہتر بنا رہی ہیں، جبکہ ترقیاتی حکمتِ عملی کو بھی نئے تقاضوں کے مطابق ازسرِ نو ترتیب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیاں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم ان کی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسیز اور نیٹ ورکس کے تمام عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی داخلی سلامتی اور اقتصادی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرحد پار سے پھیلائی جانے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچلا جائے گا، جبکہ قوم کی مکمل حمایت سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر صدر این ڈی یو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔