(ڈیجیٹل اطلاع) مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ پانچ لاپتہ اہلکاروں کی تلاش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں زیارت میں مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ڈپٹی کمشنر زیارت نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ رات بھر جاری رہا، پولیس فورس نے انتہائی دلیری اور بہادری سے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور کئی گھنٹوں کی طویل جھڑپ کے بعد حملہ پسپا کر دیا گیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ حملے کے بعد سے لاپتہ 5 پولیس اہلکاروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، واقعے کی مزید تفصیلات اور سیکیورٹی فورسز کے کلئیرنس آپریشن کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے ایک مصروف بازار میں ہونے والے خوفناک دھماکے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 23 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق بارود سے لدی ایک لوڈر رکشہ کو رش کے اوقات میں بازار کے مرکز میں اڑا دیا گیا تھا، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو نورنگ ہسپتال منتقل کیا، جہاں مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے امدادی کاموں میں حصہ لیا اور زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دیے۔