(ڈیجیٹل اطلاع) ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ میں ایک اور عالمی ریکارڈ بنا لیا۔ سابق عالمی چیمپئن فرانس کے کپتان کیلیان ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ پری کوارٹر فائنل میں ایک اور عالمی ریکارڈ بنا لیا۔ گزشتہ روز امریکی شہر فلاڈیلفیا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے (پری کوارٹر فائنل) میں فرانس اور پیراگوئے کے میچ میں فرانسیسی کپتان اور اسٹار فٹبالر کیلیان ایمباپے نے اپنی ٹیم کو فتح دلانے کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ میچ میں فرانس نے سخت مقابلے کے بعد پیراگوئے کو ایک صفر سے ہرایا اور میچ کا واحد و فیصلہ کن گول فرانسیسی کپتان کیلیان ایمباپے نے پنالٹی کک کو کامیاب گول میں تبدیل کیا۔ اس کے ساتھ ہی ایمباپے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل تین پری کوارٹر فائنل میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اب تک ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں مجموعی طور پر 11 گول کیے ہیں، جو دیگر تمام کھلاڑیوں سے زیادہ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایمباپے کا یہ رواں ورلڈ کپ میں ساتواں گول تھا اور اس کے ساتھ ہی وہ ارجنٹیا کے کپتان لیونل میسی کے ہم پلہ ہو گئے ہیں اور گولڈن بوٹ کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس فتح کے ساتھ ہی فرانس کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ 9 جولائی کو مراکش سے ہوگا۔