(ڈیجیٹل اطلاع) آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ اسرائیل اور امریکی حملے میں شہید ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق 28 فروری کو اسرائیلی اور امریکی حملے میں شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ دارالحکومت تہران میں مصلیٰ امام خمینی میں ادا کر دی گئی۔ شہید سپریم لیڈر کے ساتھ اُس حملے میں شہید ان کی صاحبزادی، داماد، بہو اور نواسی کی بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ایرانی حکومت کے حکام سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور شرکا اپنے محبوب لیڈر کو یاد کرتے ہوئے روتے رہے۔ نماز جنازہ کے موقع پر مصلیٰ امام خمینی کا مرکزی صحن اور اطراف لوگوں سے بھر گیا، جس کے بعد مرکزی صحن کے دروازے بند کر دیے گئے اور لاکھوں لوگوں نے سڑکوں پر نماز جنازہ ادا کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ لوگ رات سے ہی جنازہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ شہید سپریم لیڈر کا جسد خاکی قُم لے جایا جائے گا، جہاں ان کی دوسری نماز جنازہ ہوگی بعد ازاں ملک کے مختلف مقامات پر آخری دیدار اور سوگ کی تقریبا کے بعد انہیں 9 جولائی کو مشہد میں روضہ امام علی رضا کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور سوگ کی تقریبات میں پاکستان سمیت 100 ممالک کے سربراہان مملکت، حکومتی حکام اور مذہبی رہنماؤں پر مشتمل وفود شرکت کر رہے ہیں۔