راولپنڈی سے فرار ہونے والے 14 قیدی دوبارہ گرفتار کر لئے گئے
نیشنل

راولپنڈی سے فرار ہونے والے 14 قیدی دوبارہ گرفتار کر لئے گئے

05 July 2026

(ڈیجیٹل اطلاع) راولپنڈی سے فرار ہونے والے 14 قیدی دوبارہ گرفتار کر لئے گئے۔ راولپنڈی پولیس نے عدالتی پیشی کے دوران قیدی وین سے فرار ہونے والے تمام 14 حوالاتیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قیدی وین سے فرار حوالاتیوں کی گرفتاری کیلیے راولپنڈی پولیس نے گرینڈ آپریشن مکمل کرتے ہوئے تمام 14 حوالاتیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا، آخری مفرور حوالاتی اسد کو آج حراست میں لیا گیا۔ بیان میں ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کی خصوصی ٹیموں نے واقعے کے فوری بعد ملزمان کی گرفتاری کیلیے گرینڈ آپریشن شروع کیا تھا، 72 گھنٹے کے اندر 14 میں سے 13 مفرور حوالاتیوں کو پکڑا گیا تھا، 14 ویں مفرور حوالاتی کی گرفتاری سے جاری سرچ آپریشن بھی اختتام پذیر ہوگیا۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی پولیس کے سینئر افسران کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے قلیل وقت میں بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے تمام فرار حوالاتیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ 29 جون 2026 کو جیل سے عدالت پیشی کیلیے لائے گئے 14 ملزمان فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے 4 قیدیوں کو فوری طور پر دوبارہ پکڑ لیا تھا لیکن باقی 10 کیلیے تلاش جاری رہی۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ قیدی وین میں ملزمان نے پہلے ہنگامہ آرائی کی، پھر پولیس کی آنکھوں میں مرچیں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔