(ڈیجیٹل اطلاع) کانگو میں ایبولا وائرس تباہی پھیلانے لگا۔ ہلاکتوں کی تعداد 438 ہو گئی۔ جمہوریہ کانگو میں موذی ایبولا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث صورتحال تشویشناک صورت اختیار کر گئی ہے۔ جمہوریہ کانگو کی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک میں ایبولا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 438 تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 406 ہو گئی ہے۔ کانگو کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے متاثرہ علاقوں میں نگرانی اور اسکریننگ کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ نئے کیسز کی فوری تشخیص اور انہیں قرنطینہ کیا جا سکے۔ عالمی ادارہ مہاجرت (آئی او ایم) نے کہا ہے کہ ایبولا کی یہ وبا افریقہ کے ان مصروف ترین سرحدی علاقوں میں پھیل رہی ہے جہاں ہر روز ہزاروں افراد تحفظ، روزگار، علاج اور اپنے خاندانوں سے رابطے کی خاطر آمدورفت کرتے ہیں۔ انسانی نقل و حرکت کے رجحانات کو سمجھنا بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے موثر ترین ذرائع میں سے ایک ہے۔ آئی او ایم نے اب تک 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کا طبی معائنہ کیا ہے اور دونوں ممالک میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے رہا ہے۔ ادارے کے اعلیٰ سطحی مشیر کٹ لیونگ کے مطابق سرحدی چوکیوں، اہم شاہراہوں اور سفری راستوں پر جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ 110 سے زیادہ داخلی و خارجی مقامات پر بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔