رونالڈو کی پرتگال کو بڑا دھچکا، ڈی آر کانگو نے ورلڈ کپ میں تاریخی ڈرا کر لیا
ہیوسٹن: فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال کی مہم کا آغاز مایوس کن انداز میں ہوا، جب کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم کو ڈی آر کانگو نے 1-1 سے برابر کر کے قیمتی پوائنٹس سے محروم کر دیا۔
میچ کے آغاز میں پرتگال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹے ہی منٹ میں برتری حاصل کر لی۔ پیڈرو نیٹو کے کراس پر جواو نیویس نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔
تاہم ڈی آر کانگو نے ہمت نہیں ہاری اور پہلے ہاف کے اضافی وقت میں یوآن ویسا نے آرتھر مسواکو کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ یہ ڈی آر کانگو کی ورلڈ کپ تاریخ کا پہلا گول بھی تھا۔
دوسرے ہاف میں پرتگال نے گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا، لیکن کانگو کے مضبوط دفاع کے سامنے مزید گول کرنے میں ناکام رہی، جس کے نتیجے میں میچ 1-1 سے برابر ختم ہوا۔
پرتگال کے کوچ روبرٹو مارٹینیز نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم کافی مواقع پیدا نہیں کر سکی اور دوسرے گول کی کوششوں میں مطلوبہ جارحانہ انداز برقرار نہ رکھ سکی۔
دوسری جانب ڈی آر کانگو کے کوچ سیباستین دیسابرے نے تاریخی نتیجے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے مضبوط حریف کے خلاف بھرپور مقابلہ کیا اور ملک کے لیے ایک یادگار پوائنٹ حاصل کیا۔
یہ ڈرا ڈی آر کانگو کے لیے 52 سال بعد ورلڈ کپ میں واپسی پر ایک تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پرتگال کو اگلے میچز میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہوگی۔