فیصل آباد: 10 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین سے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی اور خواتین بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل و سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفد کی قیادت ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر کنول سعید نے کی، جبکہ وفد میں ایڈمنسٹریشن کمیٹی کی ممبر زیب النساء اور دیگر اراکین بھی شامل تھیں۔ ملاقات کے دوران وفد نے سی پی او فیصل آباد کو ویمن بزنس کمیونٹی کی مشکلات سے آگاہ کیا اور چیمبر آف کامرس میں خواتین تاجروں کی سہولت کے لیے ایک مخصوص "ویمن ڈیسک" قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔
سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیمبر میں ویمن ڈیسک کے فوری قیام اور تاجر خواتین کو درپیش دیگر مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ویمن چیمبر کنول سعید نے کہا کہ پولیس محدود وسائل کے باوجود شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے موثر اور قابلِ فخر کردار ادا کر رہی ہے۔ وفد کے دیگر اراکین نے بھی فیصل آباد پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور کرائم کنٹرول اقدامات کو سراہا۔ ملاقات کے اختتام پر صدر ویمن چیمبر نے سی پی او تنویر حسین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔