واسا فیصل آباد کے زیرِ اہتمام یومِ سیاہِ کشمیر: مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد
فیصل آباد: 27 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — واسا فیصل آباد کے زیرِ انتظام 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ کامل اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن جاوید غنی نے کی، جبکہ واسا کے افسران اور عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کا آغاز واسا ہیڈ آفس سے ہوا جو جیل روڈ سے ہوتی ہوئی مین گیٹ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں پرچم اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی تسلط کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر پر ریلی نکالنے کا بنیادی مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ بھارت نے کشمیری عوام کی منشا کے برعکس ان کی سرزمین پر بزورِ طاقت غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر عالمی و قومی فورم پر ان کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی جب تک مقبوضہ وادی بھارتی تسلط سے مکمل آزاد نہیں ہو جاتی۔