ایس ڈی ای او پیرا سٹی ندیم ناصر کا سرگودھا روڈ پر واقع میٹرو کیش اینڈ کیری کا سرپرائز وزٹ
فیصل آباد: 14 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر (ایس ڈی ای او) پیرا سٹی فیصل آباد ندیم ناصر نے اپنی انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ سرگودھا روڈ پر واقع میٹرو کیش اینڈ کیری کا اچانک (سرپرائز) دورہ کیا، جہاں نامکمل ڈی سی کاؤنٹر اور اشیائے خورونوش کا معیار غیر تسلی بخش پائے جانے پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ڈی ای او پیرا سٹی ندیم ناصر نے دورے کے دوران سٹور میں قائم ڈی سی کاؤنٹر کا تفصیلی معائنہ کیا، جس پر پھلوں اور سبزیوں کا معیار غیر تسلی بخش پایا گیا جبکہ ڈی سی کاؤنٹر بھی نامکمل حالت میں تھا۔ مزید برآں، انفورسمنٹ ٹیم نے سٹور میں موجود روزمرہ استعمال کی اشیاء اور اشیائے خورونوش کے معیار کا بھی جائزہ لیا، جہاں متعدد اشیاء مطلوبہ حکومتی و صارفین کے معیار پر پوری نہ اتریں۔
خلاف ورزیوں اور ناقص انتظامات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی ای او پیرا سٹی فیصل آباد نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے میٹرو کیش اینڈ کیری پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا اور انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ ڈی سی کاؤنٹر کو مکمل فعال رکھنے کے ساتھ ساتھ تمام اشیائے خورونوش کے معیار کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔