فیصل آباد: 8 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) تھانہ وویمن پولیس نے رہائشی مکان پر قبضے کی لالچ میں اپنی بھابھی اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزم عثمان نے جائیداد کی لالچ میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اپنی بھابھی شہزادی بی بی اور اس کے بچوں پر شدید تشدد کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ وویمن عصمہ کنول نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عثمان کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد و ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور واقعے میں ملوث دیگر عناصر کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔