پی ایچ ایم اے نارتھ زون کا تشویش کا اظہار: اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرحِ سود 12 فیصد کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات
فیصل آباد: 26 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے چیئرمین میاں فرخ اقبال نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس اضافے کے بعد اسے 12 فیصد کرنے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ہوزری برآمدات کے شعبے پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
میاں فرخ اقبال نے نشاندہی کی کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں شرحِ سود نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ بھارت میں پالیسی ریٹ 5.5 فیصد، سری لنکا میں 8.75 فیصد اور بنگلہ دیش میں 9.5 فیصد ہے، جبکہ پاکستان میں یہ 12 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اس نمایاں فرق کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے عالمی منڈیوں میں حریف ممالک کا مقابلہ کرنا سخت دشوار ہو گیا ہے۔
انہوں نے حکومت اور اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ برآمدی صنعتوں کی بقا، زرمبادلہ کے حصول اور روزگار کے تحفظ کے لیے مانیٹری پالیسی پر فوراً نظرثانی کی جائے اور برآمد کنندگان کو آسان و سستے قرضوں سمیت خصوصی ریلیف پیکیج فراہم کیا جائے۔