این سی سی آئی اے فیصل آباد کی بڑی کارروائی: غیر قانونی کال سینٹر "Xenex Tech Solution" پر چھاپہ، 16 ملزمان گرفتار
فیصل آباد: 23 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی سید علی ناصر رضوی کے احکامات کی روشنی میں این سی سی آئی اے فیصل آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان برطانیہ میں موجود صارفین اور کاروباری اداروں کو مختلف سروسز کے نام پر کالز کر کے خود کو معروف کمپنیوں کا مجاز نمائندہ ظاہر کرتے تھے اور دھوکہ دہی کے ذریعے مالی فوائد حاصل کرنے میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے کی ٹیم نے 13 کمپیوٹرز، 3 لیپ ٹاپس اور 4 موبائل فونز قبضے میں لے لیے۔ ڈیجیٹل آلات کی ابتدائی جانچ کے دوران کالنگ سافٹ ویئر، بیرونِ ملک تاجروں کی تفصیلات اور صارفین کی ذاتی و مالی معلومات پر مشتمل مواد بھی سامنے آیا ہے۔ حکام کے مطابق غیر قانونی کال سینٹرز اور سائبر کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بلاامتیاز جاری رہے گا۔