فیصل آباد: 25 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): لائلپور میوزیم فیصل آباد کو شہریوں اور فیملیز کی سہولت کے لیے اتوار کے روز بھی فعال کر دیا گیا ہے جہاں شہری اپنی تاریخ اور ثقافتی ورثے کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔
ڈائریکٹر لائلپور میوزیم مقبول ملک کے مطابق میوزیم میں شہریوں اور فیملیز کے لیے خصوصی دلچسپی کا مرکز 1896ء کے تاریخی تناظر میں تیار کی گئی نئی تحصیل لائلپور گیلری ہے۔ اس گیلری میں ماضی کے دفتری ماحول، قدیم انتظامی نظام اور نایاب اشیاء جیسے اسٹینو فون، پرانی فوٹو کاپی مشین، ٹائپ رائٹر، ٹیلی گراف، سیاہی دان اور قدیم برقی گھڑی نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میوزیم کی دیگر گیلریوں میں فیصل آباد کی تاریخ، آثارِ قدیمہ، قدیم سکے، پنجاب کی ثقافت اور روایتی ملبوسات پر مبنی نوادرات موجود ہیں جو نئی نسل کو اپنے ماضی سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
میوزیم انتظامیہ کے مطابق داخلہ بالکل مفت ہے اور شہری روزانہ صبح 9:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک میوزیم کا دورہ کر سکتے ہیں۔