بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (ILO) کے کنٹری ڈائریکٹر کا سوشل سکیورٹی ہسپتال مدینہ ٹاؤن کا دورہ
فیصل آباد: 7 نومبر (ڈیجیٹل اطلاع) — بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (ILO) پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر گیئر تھامس ٹونسٹول (Mr. Geir Thomas Tonstol) اور آئی ایل او گورننگ باڈی کے ممبر و سیکرٹری جنرل پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن چوہدری سعد محمد نے دیگر لیبر رہنماؤ ں کے ہمراہ سوشل سکیورٹی ہسپتال مدینہ ٹاؤن کا دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبد الرؤوف شیخ، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنبل صابر، ڈاکٹر محمد احسان، ڈی ایم ایس (ایڈمن) ڈاکٹر ذیشان محمد علی، ڈی ایم ایس کلینیکل، ایم ایس (ایم این سی ایچ) ڈاکٹر عبدالرحمٰن، ڈی ایم ایس ڈاکٹر کاشف نوید، ڈائریکٹرز ریکوری (ایسٹ، ویسٹ و نارتھ) اور لیبر لیڈر میاں رب نواز وٹو بھی موجود تھے۔ وفد نے ہسپتال کے احاطے میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا اور بعد ازاں کارڈیالوجی، سی سی یو (CCU)، ڈائیلسز سینٹر اور ایم این سی ایچ نرسری وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں سے طبی سہولیات کے متعلق گفتگو کی ۔
بعد ازاں ہسپتال کے سی پی سی (CPC) ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران آئی ایل او کے کنٹری ڈائریکٹر نے ہسپتال کی کارکردگی پر دی گئی پریزنٹیشن کے بعد انتظامیہ کی انتھک محنت، صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار اور پرسکون ماحول کو شدید سراہا۔ تقریب کے اختتام پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور انتظامی ٹیم نے مسٹر گیئر تھامس ٹونسٹول اور چوہدری سعد محمد کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔