سی ٹی او آفس میں اہم اجلاس: چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹرز، گاڑیوں کے مالکان اور مینیجرز کا اجلاس
فیصل آباد: 27 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) فیصل آباد کی زیرِ صدارت سی ٹی او آفس میں فیصل آباد کے تمام بڑے ٹرانسپورٹرز، گاڑیوں کے مالکان اور بس ٹرمینل مینیجرز کے ساتھ ایک اہم اور تفصیلی اجلاس منعقد ہوا، جس کا مقصد شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا اور شہریوں کے سفری مسائل کا حل ممکن بنانا ہے۔
اجلاس کے دوران خاص طور پر ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ کے تحت اہم شاہراہوں جیسے جڑانوالہ روڈ، جھنگ روڈ اور کینال روڈ پر ٹریفک کی موجودہ صورتحال، متبادل روٹس کی پلاننگ اور پبلک سروس وہیکلزکی منظم آمد و رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
سی ٹی او فیصل آباد نے ٹرانسپورٹرز کے درپیش مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے فوری حل کا یقین دلایا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مؤثر ٹریفک مینجمنٹ، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک پولیس و ٹرانسپورٹرز کے باہمی تعاون سے ہی شہریوں کو بہتر اور بااعتماد سفری سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں تاکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر بلاکج سے بچا جا سکے۔