ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، دو دنوں میں ایل پی جی سلنڈر والی 33 مسافر گاڑیاں بلاک اور سلنڈرز ضبط
فیصل آباد: 28 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ڈی آر ٹی اے) نے مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے دو روز میں ایل پی جی سلنڈرز کی حامل 33 مسافر گاڑیاں قبضے میں لے کر ان کے سلنڈرز اتروا دیے اور بھاری جرمانے عائد کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عمر علی نے مختلف شاہراہوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی بذاتِ خود چیکنگ کی اور غیر قانونی طور پر ایل پی جی گیس سلنڈرز استعمال کرنے والی مسافر گاڑیوں، ویگنوں اور بسوں کے موقع پر چالان کر کے بھاری جرمانے عائد کیے۔ ٹیم نے گاڑیوں میں نصب خطرہ بننے والے گیس سلنڈرز کو فوری طور پر اتروا کر تحویل میں لے لیا۔
سیکرٹری ڈی آر ٹی اے عمر علی نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری اور خطرناک ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال کے خلاف ضلع بھر میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ "مسافروں کی قیمتی جانوں کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے"، لہٰذا تمام ٹرانسپورٹرز اور گاڑی مالکان غیر قانونی گیس سلنڈرز کو گاڑیوں سے ازخود ہٹا لیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ دورانِ چیکنگ خلاف ورزی پر نہ صرف گاڑیوں کے چالان اور بھاری جرمانے کیے جائیں گے بلکہ ضبط کیے گئے سلنڈرز ناقابلِ واپسی بنیادوں پر بحقِ سرکار تحویل میں لے لیے جائیں گے۔