ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا کچہری بازار، امین پور بازار، کارخانہ بازار اور ڈگلس پورہ میں جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ
فیصل آباد: 30 اکتوبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع ) — فیصل آباد کے تاریخی تجارتی مرکز گھنٹہ گھر اور اس کے ملحقہ بازاروں میں ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل کے موثر اور مستقل حل کے لیے شہر میں پانچ نئے پارکنگ پلازوں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے زیرِ تعمیر پارکنگ سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور کچہری بازار (ذیل گھر)، امین پور بازار، کارخانہ بازار اور ڈگلس پورہ میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کی پیشرفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے حکام اور تعمیراتی ٹھیکیداروں کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام پارکنگ پلازے ہر صورت مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد جدید اور بہترین پارکنگ سہولیات میسر آ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے میڈیا اور حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان پارکنگ پلازوں کی تکمیل سے شہر کے مرکزی تجارتی و کاروباری مراکز میں پارکنگ کا دیرینہ اور سنگین مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو جائے گا۔ ان پارکنگ سائٹس پر ہزاروں موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی وسیع گنجائش پیدا ہوگی، جس سے نہ صرف بازاروں میں ٹریفک کی روانی مکمل طور پر بحال ہوگی بلکہ وہاں آنے والے تاجروں، دکانداروں اور خریداروں کی آمدورفت میں بھی بڑی آسانی پیدا ہوگی۔