اے این ایف کی کارروائی میں کانسٹیبل منشیات سمیت گرفتار، سی پی او فیصل آباد کا فوری ایکشن
فیصل آباد: 9 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے خود احتسابی کے عمل کے تحت فوری ایکشن لیتے ہوئے منشیات کی سپلائی میں ملوث تھانہ گلبرگ کے کانسٹیبل کاشف کو ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ گلبرگ میں تعینات کانسٹیبل کاشف کو نارکوٹکس کنٹرول فورس (ANF) نے منشیات سمیت گرفتار کیا تھا۔ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی پی او تنویر حسین نے محکمے کی بدنامی کا باعث بننے پر کانسٹیبل کو سروس سے ڈسمس کر دیا، جبکہ معاملے کی تفصیلی انکوائری ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک کے سپرد کر دی گئی ہے۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق منشیات کے دھندے میں ملوث دیگر پولیس آفیشلز کی انوالومنٹ اور تمام حقائق پر مبنی تفصیلی رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔ سی پی او فیصل آباد نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی حفاظت کے مامور محکمے کی بدنامی کا باعث بننے والے کالی بھیڑوں اور فاسد عناصر کی ڈیپارٹمنٹ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔