فیصل آباد — 24 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): فیصل آباد کے شہری علاقے مدینہ ٹاؤن میں نزد ٹریٹ بیکری قائم دو دہائیوں پرانے کوڑا سٹینڈ کو انتظامیہ نے ختم کر دیا ہے، جہاں اب شہریوں کی سہولت کے لیے پبلک پارک قائم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے بتایا کہ تقریباً 2,100 گھروں کے 65 سے 70 ہزار رہائشی اس کوڑا سٹینڈ کی وجہ سے شدید اذیت کا شکار تھے، جس سے مختلف بیماریاں پھیل رہی تھیں اور تمام ماحول تعفن زدہ ہو چکا تھا۔ مکینوں کے پرزور مطالبے پر اس کوڑا سٹینڈ کو ختم کرا دیا گیا ہے اور وہاں پارک کی تعمیر کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
کمشنر فیصل آباد نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا جن کے احکامات پر انتظامیہ نے عرصہ دراز سے قائم اس کوڑا سٹینڈ کا خاتمہ ممکن بنایا۔