ٹوبہ ٹیک سنگھ: ایم پی اے کرنل (ر) ایوب خان گادھی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ — 24 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ممبر صوبائی اسمبلی کرنل (ر) ایوب خان گادھی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ایم پی اے چوہدری امجد علی جاوید، سابق ایم پی اے عبدالقدیر علوی، ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک، ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں 38 سکیموں پر کام جاری ہے، جن میں 29 جاری اور 9 نئی سکیمیں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، ایم فور انٹرچینج سے ایم تھری راجانہ انٹرچینج تک 26 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کے 11 کلومیٹر حصے پر اسفالٹ بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ تحصیل پیر محل میں خدمت مرکز بھی قائم کیا جا رہا ہے جہاں شہریوں کو 40 سے زائد خدمات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کرنل (ر) ایوب خان گادھی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔