Post Main Ad Panel
Read in English کمشنر فیصل آباد ڈویژن کا اقدام: ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شورکوٹ کا اچانک دورہ

کمشنر فیصل آباد ڈویژن کا اقدام: ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شورکوٹ کا اچانک دورہ

39 ویوز

فیصل آباد: 26 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شورکوٹ کا تفصیلی اور اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور ہسپتال کے مجموعی صفائی ستھرائی کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

کمشنر فیصل آباد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر ماریہ امداد کے ساتھ ایمرجنسی وارڈ، کارڈیک یونٹ، فارمیسی اور سی ٹی سکین یونٹ کا معائنہ کیا اور طبی عملے سے گفتگو کرتے ہوئے تشخیصی سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی کے عمل کی جانچ کی۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے براہِ راست علاج کے معیار کے بارے میں استفسار کیا، جس پر شہریوں نے دستیاب طبی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تمام شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور مفت صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کے علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی غفلت، تاخیر یا بے ضابطگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Post Bottom Ad Panel