Post Main Ad Panel
Read in English فیصل آباد پولیس کی بڑی کامیابی: دو ڈکیتیوں میں لوٹے گئے 65 لاکھ روپے سے زائد نقد و سامان اصل مالکان کے حوالے

فیصل آباد پولیس کی بڑی کامیابی: دو ڈکیتیوں میں لوٹے گئے 65 لاکھ روپے سے زائد نقد و سامان اصل مالکان کے حوالے

23 ویوز

فیصل آباد: 18 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین کی قیادت میں فیصل آباد پولیس نے سنگین وارداتوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو مختلف ڈکیتیوں میں چھینے گئے 65 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی اور طلا‍ئی زیورات برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے ہیں۔

پولیس لائنز کمیونٹی انگیجمنٹ سنٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران سی پی او تنویر حسین نے مال مسروقہ مدعیان کے سپرد کیا۔ اس موقع پر ایس پی مدینہ ڈویژن اظہر جاوید، اے ایس پی یوٹی اور ایس ایچ او سرگودھا روڈ غازی رضوان جاوید بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق، پہلے واقعے میں ڈاکوؤں نے شیخوپورہ روڈ پر گاڑی روک کر شہری شہزاد سے اسلحہ کے زور پر 46 لاکھ روپے چھینے تھے، جبکہ دوسری واردات میں ملزمان نے شہری محمد فرقان اللہ ظفر کے گھر سے نقدی، طلائی زیورات، گھڑیاں اور موبائل فون لوٹ لیے تھے۔

ایس پی مدینہ ڈویژن اظہر جاوید کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے ایس ایچ او سرگودھا روڈ کی قیادت میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے دونوں وارداتوں میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر کے تمام مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

اپنی جمع پونجی واپس ملنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سی پی او تنویر حسین اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ سی پی او تنویر حسین نے بہترین کارکردگی پر افسران کو شاباش دیتے ہوئے واضح کیا کہ شہریوں کے مال و جان پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کے لیے فیصل آباد میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

 

Post Bottom Ad Panel