تھانہ غلام محمد آباد کی حد میں ڈرامائی پولیس مقابلہ: 10 سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزم احسن ہلاک
فیصل آباد: 4 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد تنویر حسین کی ہدایت پر جرائم پیشہ اور اشتہاری عناصر کے خلاف جاری انسدادی کارروائیوں کے سلسلے میں تھانہ غلام محمد آباد کے علاقے میں پیش آنے والے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 10 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ ملزم اپنے ہی مسلح ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ غلام محمد آباد پولیس کی ٹیم پر مشتمل ایس ایچ او یوسف شہزاد سپرا، چوکی انچارج سدھوپورہ احسان بٹ اور انچارج چوکی اچکیراہ کی قیادت میں پولیس اہلکار زیرِ حراست ملزم احسن ولد رشید (سکنی چوکی سدھوپورہ) کو مالِ مسروقہ اور اسلحہ کی برآمدگی کے لیے ڈھیرہ سائیں قبرستان کے قریب لے جا رہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے ملزم کے مسلح ساتھیوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزم کو چھڑوانے کی غرض سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر مورچہ بند ہو کر اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی اور سرچنگ کی، تو معلوم ہوا کہ گرفتار ملزم احسن اپنے ہی فرار ہونے والے ساتھیوں کی جانب سے کی جانے والی شدید فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو چکا تھا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم احسن ڈکیتی، چوری، فائرنگ اور دیگر سنگین نوعیت کے 10 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھا۔ موقع سے فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی قانون کے مطابق تفتیش و دیگر کاغذی کارروائی جاری ہے۔