این سی سی آئی اے فیصل آباد کی پریس کانفرنس: برطانیہ بینکنگ ڈیٹا چوری، ہراسانی اور پیپر ٹیمپرنگ میں ملوث درجنوں ملزمان گرفتار
فیصل آباد: 23 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجاز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایجنسی کی جانب سے سائبر جرائم، مالیاتی فراڈ اور ہراسانی کے خلاف کی جانے والی حالیہ بڑی کامیابیوں اور کارروائیوں کی تفصیلا ت جاری کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر علی ناصر رضوی کی ہدایت پر این سی سی آئی اے فیصل آباد نے دو غیر قانونی کال سنٹرز پر چھاپے مار کر 29 ملزمان کو گرفتار کیا، جو برطانیہ کے بینکنگ سسٹم میں داخل ہو کر ڈیٹا چوری کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ چائلڈ پورنوگرافی اور آن لائن ہراسانی میں ملوث 8 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ جی سی یونیورسٹی کے طلبہ سے رابطہ کر کے امتحانی نمبرز تبدیل کرنے والے گروہ کو بھی جیل بھیج دیا گیا۔ اے ڈی اعجاز نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ میں 12 ملین روپے کی نقد ریکوری، 6 گاڑیاں اور 200 کنال زمین بھی برآمد کی گئی ہے۔ ایجنسی اب اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کر رہی ہے اور سرگودھا کے ایک کیس میں 35 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن پر تحقیقات جاری ہیں۔ اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے سے اضافی نفری لے کر کارروائیوں کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے۔