سٹرائیکرز نے فائنل میں سٹارز کو 1 رن سے ہرا کر ٹرافی اپنے نام کر لی، پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی
فیصل آباد/اسلام آباد: 26 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): سنسنی خیز مقابلے کے بعد سٹرائیکرز نے سٹارز کو صرف 1 رن سے شکست دے کر نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل جیت لیا۔ فاتح ٹیم سٹرائیکرز نے پورے ٹورنامنٹ کے تمام 9 میچوں میں ناقابلِ شکست رہنے کا شاندار ریکارڈ قائم کیا۔
تفصیلات کے مطابق فائنل میں سٹرائیکرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اوورز میں 115 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ سٹرائیکرز کی جانب سے نتالیہ پرویز 30 اور ایمان نصیر 20 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ سٹارز کی طرف سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حفصہ خالد نے 4 جبکہ طوبہ حسن اور ڈیانا بیگ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سٹارز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز ہی بنا سکی۔ سٹارز کی جانب سے صدف شمس 37 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں۔ سٹرائیکرز کی آف اسپنر رامین شمیم نے معرکہ آرا باؤلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاسٹ باؤلر معصومہ جعفری نے اعصاب شکن آخری اوور میں 11 رنز کا دفاع کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم سٹرائیکرز کو 15 لاکھ روپے اور رنرز اپ سٹارز کو 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔