فیصل آباد: 28 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فیصل آباد صدر نے سول ڈیفنس ٹیم کے ہمراہ چک 53 ج ب سدھوان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قائم آتش بازی کی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔
سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فیصل آباد صدر سرفراز احمد (پی ایم ایس) کی قیادت میں کیے گئے اس مشترکہ آپریشن کے دوران فیکٹری سے لاکھوں روپے مالیت کا آتش بازی کا تیار سامان اور دیگر کیمیائی مواد ضبط کر کے قانونی طریقہ کار کے تحت موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے غیر قانونی مینوفیکچرنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کروا دی ہے۔
پیرا حکام کے مطابق اس کارروائی کا بنیادی مقصد علاقے میں خطرناک و غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ پیرا فورس نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر اور غیر قانونی صنعتیں چلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی ایکشن بلا تاخیر جاری رہے گا۔