Post Main Ad Panel
Read in English جامعہ قاسمیہ فیصل آباد میں عظیم الشان "تعظیم حرمین شریفین کانفرنس" کا انعقاد؛ اکابرینِ امت کی شرکت

جامعہ قاسمیہ فیصل آباد میں عظیم الشان "تعظیم حرمین شریفین کانفرنس" کا انعقاد؛ اکابرینِ امت کی شرکت

16 ویوز

فیصل آباد: 2 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع) — انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل اور مرکزی علماء کونسل پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعہ قاسمیہ فیصل آباد میں ایک عظیم الشان "تعظیم حرمین شریفین کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے جید علماء و مشائخ اور مذہبی و سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے جنرل سیکرٹری، چیئرمین پاکستان علماء کونسل و وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج حرمین شریفین کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہر دم پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دفاعِ حرمین کے حساس معاملے پر افواجِ پاکستان اور ریاست کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے والے عناصر تکفیری سوچ کے حامل ہیں۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سربراہ سنی علماء کونسل پاکستان مولانا محمد احمد لدھیانوی اور چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع پوری امتِ مسلمہ کے لیے عظیم دینی سعادت اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، پائیدار امن اور استحکام کے لیے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی و عسکری کاوشوں کو سراہا۔

کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے اہم دفاعی معاہدے کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک سرزمین کا استحکام اور حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلم کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کانفرنس سے مولانا عزیز الرحمن رحیمی، پیر جی خالد محمود قاسمی، مفتی محمد طیب، مولانا یوسف انور، پروفیسر نجیب اللہ طارق، مولانا محمد رفیق جامی، الحاج محمد نصیر وہرہ، قاری محمد نواس، حبیب الرحمن صدیقی، احسن تارڑ، چوہدری طلعت حسین ایڈووکیٹ، علامہ طاہر الحسن، مولانا محمد اعظم فاروق اور دیگر جید علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔

Post Bottom Ad Panel