ڈی جی عمر جاوید نے سینیٹری ورکرز میں نئی ہینڈ کارٹس تقسیم کر دیں: ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن پر فوکس
فیصل آباد: 10 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "ستھرا پنجاب" کے تحت فیصل آباد میں صاف ستھرا ماحول، مؤثر ویسٹ مینجمنٹ اور زیرو ویسٹ اہداف کے حصول کے لیے ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور شہری و دیہی علاقوں میں جاری صفائی آپریشنز کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے مختلف یونین کونسلوں میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کے عمل کو تیز بنانے کے لیے سینیٹری ورکرز میں نئی ہینڈ کارٹس تقسیم کیں۔ انہوں نے جھنگ روڈ پر ویسٹ کلیکشن پوائنٹ، سیکنڈری کلیکشن اور واشنگ ایکٹیویٹیز کا معائنہ کیا جبکہ شہریوں اور دکانداروں میں اینٹی لٹرنگ اور انسدادِ سموگ مہم کے حوالے سے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔ ڈی جی نے دیہی علاقوں کا دورہ کر کے شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔
قبل ازیں انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عمران شمس نے جاری صفائی آپریشنز اور مانیٹرنگ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی عمر جاوید نے ہدایت کی کہ کچرے کی بروقت منتقلی، اوپن پلاٹس کی صفائی اور زیرو ویسٹ اہداف کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق فیصل آباد کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔