فیصل آباد: 9 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے خود احتسابی کے عمل کے تحت اختیارات سے تجاوز اور منشیات برآمدگی کے معاملے پر سخت ترین ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ گلبرگ سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ گلبرگ کے کانسٹیبل کاشف سے منشیات برآمدگی کے معاملے پر ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک نے اپنی ابتدائی انکوائری رپورٹ مکمل کر لی ہے۔ رپورٹ میں قصوروار اور غفلت کے مرتکب ثابت ہونے پر ایس ایچ او گلبرگ انسپکٹر عبدالغفار، محرر ترسیم، سب انسپکٹر محمد علی، اے ایس آئی سہیل، کانسٹیبل محبوب اور کانسٹیبل کاشف کو سروس سے ڈسمس کر دیا گیا ہے۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جس پر آئندہ تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے اس موقع پر واضح کیا ہے کہ محکمے کی بدنامی کا باعث بننے، اختیارات سے تجاوز کرنے اور کالی بھیڑوں کا کردار ادا کرنے والے ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور انہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔