فیصل آباد: 26 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): چک جھمرہ کے قریب بس اور ڈمپر کے درمیان پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 38 سالہ شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ چک نمبر 160 آر بی (بنگا)، چک جھمرہ کے قریب پیش آیا جہاں ایک مسافر بس اور ڈمپر میں شدید تصادم ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 38 سالہ حافظ شعیب ولد اسلم (سکنہ چک نمبر 47 آر بی) زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد میں زاہد عباس (35 سال)، عمر فاروق (30 سال)، علی رضا (35 سال)، امداد حسین (48 سال)، محمد فیضان (32 سال) اور عدیل عباس (19 سال) شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال چک جھمرہ منتقل کر دیا ہے۔