Post Main Ad Panel
Read in English تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں آن اسکرین مارکنگ کا عملی جائزہ: 11 کالجوں کے 120 طلباء کی موک ایکسرسائز

تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں آن اسکرین مارکنگ کا عملی جائزہ: 11 کالجوں کے 120 طلباء کی موک ایکسرسائز

31 ویوز

فیصل آباد: 18 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آن اسکرین مارکنگ کے طریقہ کار اور تکنیکی انتظامات کا عملی جائزہ لینے کی غرض سے موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس ایکسرسائز میں سرکاری و نجی شعبے کے 11 کالجوں کے 120 طلباء و طالبات نے پیپر دے کر حصہ لیا۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی چیئرمین ٹاسک فورس وزیراعلیٰ پنجاب برائے بورڈز اصلاحات مزمل محمود اور رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر اسامہ فضل چوہدری تھے۔ اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین، سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن کے علاوہ پنجاب کے 7 تعلیمی بورڈز کے چیئرپرسنز—ڈاکٹر اقصی شبیر (گوجرانوالہ)، اقبال محمود (راولپنڈی)، ڈاکٹر اعجاز احمد تتلہ (ملتان)، عباس حیدر (سرگودھا)، اشتیاق احمد (بہاولپور) اور فیصل اعجاز (ساہیوال)—سمیت دیگر امتحانی افسران بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے ویژن کے مطابق منعقدہ اس ایکسرسائز کا مقصد آن اسکرین مارکنگ، امتحانی عمل، اور ڈیجیٹل سہولیات کی افادیت کو پرکھنا تھا تاکہ امتحانات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

مہمانانِ خصوصی نے قائم کردہ امتحانی مرکز کا دورہ کیا، طلباء کے پیپر دینے کا مشاہدہ کیا اور آن اسکرین جانچ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی بعد ازاں تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں امتحانی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے لیے قائم کردہ جدید کنٹرول روم کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل محمود نے کہا کہ آن اسکرین مارکنگ جدید تعلیمی تقاضوں کے عین مطابق ہے جس سے پرچوں کی شفاف جانچ اور میرٹ کی بالادستی ممکن ہوگی۔ بیرسٹر اسامہ فضل چوہدری نے کہا کہ عملی تجربات کی روشنی میں امتحانی عملے کو مناسب تربیت فراہم کر کے تکنیکی مسائل کا بروقت حل یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے تمام تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے دوران مہمانانِ خصوصی نے پنجاب فیڈریشن ایمپلائز کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن ثاقب علوی نے لاہور بورڈ کی طرز پر پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے ملازمین کو 'بورڈ الاؤنس' دینے کا مطالبہ رکھا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں نے تعلیمی بورڈ کی حدود میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

 

Post Bottom Ad Panel