موٹروے ایم-4 پر کار اور باراتی کوسٹر میں ہولناک تصادم، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، 8 زخمی
فیصل آباد: 25 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): ساہیانوالہ انٹرچینج کے قریب موٹروے ایم-4 پر کار اور کوسٹر کے درمیان ہولناک تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 بچوں سمیت 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق منڈی مریدکے سے بارات کو لے کر کھچیاں برنالہ جانے والی کوسٹر اور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں جانے والی کار کے درمیان ساہیانوالہ انٹرچینج کے قریب المناک حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 50 سالہ نامعلوم مرد اور 40 سالہ نامعلوم خاتون کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے تمام 8 افراد کو بھی ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 50 سالہ اکبر خان، 25 سالہ ایوب، 20 سالہ فرزانہ اور 6 بچے (5 سالہ بی بی، 8 سالہ علی حسن، 6 سالہ علی اصغر، 5 سالہ علی احمد اور 3 سالہ خدیجہ) شامل ہیں۔